چودھری شجاعت سے متعلق جھوٹی خبریں نہ پھیلائی جائیں، چودھری سالک کی اپیل

Published On 19 December,2021 07:38 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے چودھری سالک نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے والد سے متعلق جھوٹی خبریں نہ پھیلائیں جائیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں چودھری سالک حسین نے لکھا کہ سوشل میڈیاپرچودھری شجاعت حسین کی وفات کے بارے میں کچھ لوگ جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں، ق لیگی سربراہ بفضل الہٰی تندرست ہیں۔عوام جھوٹی خبروں پر کان نہ دھریں۔

ٹویٹ میں انہوں نے قرآن پاک کی آیت کا ترجمہ بھی شیئر کیا۔ :

’اےایمان والو اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لائے تو تحقیق کر لو کہ کہیں کسی کو انجانے میں تکلیف نہ دے بیٹھو پھر اپنے کئے پر شرمندہ ہونا پڑے۔

اس سے قبل سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ الحمد للہ چودھری شجاعت حسین بالکل خیریت سے ہیں، سوشل میڈیا پر منفی خبریں نہ پھیلائی جائیں اور لوگ ایسی جھوٹی خبروں پر کان نہ دھریں۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر چودھری شجاعت حسین کے انتقال کی خبریں گردش کررہی تھیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین لاہور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ان کی طبیعت کافی خراب تھی جبکہ چودھری شجاعت کی صحت یابی کے بارے دریافت کرنے کے مختلف سیاسی شخصیات کی جانب سے ٹیلیفون کیا گیا تھا ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی چودھری شجاعت حسین کی خیریت کے بارے پوچھا تھا۔
 

Advertisement