پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں بدترین شکست کی شکار ہونے والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دو بڑوں میں لڑائی کا معاملہ وزیراعظم تک جا پہنچا، ایم پی اے ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کیخلاف خط عمران خان کو لکھ دیا۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کو (پی ٹی آئی) کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنا لوہا منوا لیا ہے۔ پی ٹی آئی کو الیکشن میں شکست کی بڑی ٹکٹوں کی غلط تقسیم تھی جس کا اعتراف وزیراعظم عمران خان نے بھی کیا تھا۔
ٹکٹوں کی غلط تقسیم کے بعد رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ میرے حلقہ میں وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے میرے سیاسی مخالفین کو پارٹی ٹکٹ دیا، لکی مروت میں ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیے گئے جن کا پارٹی سے تعلق نہیں تھا۔
خط کے متن میں مزید کہا گیا کہ میرے سیاسی دوست پی ٹی آئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری کے بجائے ٹکٹ کسی عام شخص کو دیا گیا، پارٹی ٹکٹ دینے میں مجھ سے کوئی مشورہ نہیں کیا گیا، علی امین گنڈاپور نے پارٹی کے قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کی، میں مجبور ہوں کہ ان کے خلاف مہم شروع کروں جو میری پارٹی سے نکالنے کی وجہ بھی بن سکتی ہے۔
خط کے مطابق پارٹی کے سینئر رہنما کو اس طرح خلاف ورزی کے لیے چھوڑنا پارٹی کے لئے نقصان دہ ہے، مجھے پارٹی سے نکالنے کے لئے میرے علاقے میں پارٹی کی بدنامی کی جارہی ہے، پارٹی کو تباہی سے بچانے کے لیے نوٹس لیا جائے۔