کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت نے ریکورڈیک منصوبوں کے حوالے سے اراکین اسمبلی کو ان کیمرہ بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے، آج ہونے والے بلوچستان اسمبلی اجلاس کے دوران اراکین کو ریکوڈک پر بریفنگ دینے کے علاوہ اس مسئلے پر بحث کی جائے گی۔
ذرائع بلوچستان حکومت کے مطابق حزب اختلاف کے اراکین نے اسمبلی کے گزشتہ اجلاس میں دعویٰ کیا تھا کہ حکومت ریکوڈک کے حوالے سے نیا معاہدہ کرنے جا رہی ہے۔ مجوزہ نئے معاہدے کے حوالے سے حزب اختلاف کے اراکین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جانب سے نئے مجوزہ معاہدے پر اسمبلی کواعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ ریکوڈک کے حوالے سے بلوچستان اسمبلی کی ایک 16رکنی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ریکوڈک اس وقت ثالثی سے متعلق دو بین الاقوامی فورم پر زیر غور ہے۔ ان میں سے ایک فورم سے 6ارب ڈالرکا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے 6 ارب ڈالر کے جرمانے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ ان کیمرہ بریفنگ کے دوران اراکین اسمبلی کو تمام تر پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔