اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں نیا بلدیاتی نظام اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، فاضل عدات نے صدر پاکستان، سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری قانون کو نوٹس بھجوا دیئے۔
اسلام آباد کے بلدیاتی نمائندوں نے نئے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کو چیلنج کیا، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ مئیر کا براہ راست انتخاب، ڈپٹی مئیرز کا عہدہ ختم کرنا خلاف قانون ہے، لوکل گورنمنٹ چلانے کے لیے غیر منتخب افراد کی کونسل بھی خلاف قانون ہے۔
درخواست گزار کے وکیل قاضی عادل ایڈووکیٹ کے مطابق لوکل گورنمنٹ 2015ء کے قانون کی موجودگی میں آرڈیننس کے ذریعے نیا نظام آئین سے متصادم ہے۔ عدالت نے 11 جنوری تک سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری قانون سے جواب طلب کرلیا۔