اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 4 جنوری کو طلب کر لیا۔ جس میں ملزم عبدالقادر احسان کی برطانیہ حوالگی کی سمری پیش کی جائے گی۔
وزیر اعظم آفس میں ہونے والے اجلاس کے دوران ملکی سیاسی معاشی صورتحال پر غور ہو گا، اجلاس میں کورونا سمیت ای وی ایم پر بریفنگ دی جائے گی، اجلاس کا 7 نکاتی ایجنڈا جاری کردیاگیا۔
اجلاس میں ملزم عبدالقادر احسان کی پاکستان سے برطانیہ حوالگی کی سمری پیش ہو گی، وزارت داخلہ کی جانب سے ملزم کی برطانیہ حوالگی کی سمری پیش ہو گی۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف انٹیلی جینس اینڈ سیکیورٹی سٹڈیز کے قیام کی سمری پیش ہو گی۔
قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف انٹیلی جینس اینڈ سکیورٹی سٹڈیز کی قیام کی تجویز ہے، کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین کی دو سال کے لئے تقرری کی منظوری ایجنڈا میں شامل ہے۔
پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے نوٹیفکیشن کی منظوری، ادارہ شماریات میں 3 ممبران کی تقرری کا معاملہ کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔
پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی اور چینی وزارت ماحولیات کے درمیان مفاہمتی یاداشت کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری ایجنڈا میں شامل ہے جبکہ رواں مالی سال کے چھ ماہ میں اضافی اخراجات کی سٹیٹمنٹ جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی۔