نئی5 سالہ اسٹریٹجک تجارتی اور آٹو پالیسی کی منظوری

Published On 21 December,2021 07:44 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)وفاقی کابینہ نے نئی 5 سالہ اسٹریٹجک تجارتی اور آٹو پالیسی فریم ورک کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد پاکستانی اداروں کی صلاحیت کو بڑھاناہے۔

وزارت تجارت کے مطابق نئی پانچ سالہ پالیسی 2020 تا 2025 کا مقصد مصنوعات اور خدمات کی پیداوار، تقسیم اور فروخت کو حریفوں کے مقابلے زیادہ مؤثر طریقے سے بڑھانا ہے، پالیسی میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات، چمڑا، آلات جراحی، کھیلوں کے سامان، قالین، چاول اور کٹلری کے برآمدات کو بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات شامل ہیں ۔

پانچ سالہ پالیسی میں ترقیاتی برآمدی شعبوں میں انجینئرنگ کے سامان بشمول آٹو پارٹس، دواسازی، ماربل اور معدنیات،پراسیس شدہ خوراک، مشروبات، جوتے، جواہرات اور زیورات، گوشت، پولٹری اور کیمیکل شامل ہیں۔

نئی پالیسی کے تحت وزیر اعظم کی سربراہی میں نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ پالیسی کی نگرانی کرے گا،ٹیرف ریشنلائزیشن کے ذریعے پیداواری لاگت میں کمی اوراشیاء کی عالمی مارکیٹ تک رسائی یقینی بنائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کی جانب سے منظور کردہ آٹوانڈسٹری اینڈایکسپورٹ پالیسی میں چھوٹی گاڑیوں پرٹیکس چھوٹ ، 850سی سی اور چھوٹی گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹمزڈیوٹی ختم کرنےکی تجویز دی گئی ہے۔

نئی آٹوپالیسی کےتحت گاڑیوں کابرآمدی ہدف مقررکرنے، کارسازکمپنیوں کو 2026 تک 10فیصدبرآمدات کاہدف دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارسازکمپنیوں کیلئےآئندہ سال 2 فیصد، 2024 میں 4 فیصد، 2025 میں7فیصدگاڑیاں برآمد کرنے کا ہدف مقرر کرنے کی تجویز دی گئی جبکہ گاڑیوں اوراسپیئرپارٹس کی برآمدات بڑھانےکیلئےاقدامات ، وزارت تجارت کوبیرونی ممالک کیساتھ مذاکرات کی ذمہ داری اور گاڑیوں اوراسپیئرپارٹس کی برآمدات کیلئےٹیکس مراعات دینےکی تجویز دی گئی ہے۔