اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی منظوری دے دی گئی۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوا، متعدد نکات کی منظوری دی گئی، اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی اور امن اور امان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
وفاقی کابینہ کو مہنگائی سے نمٹنے کے لئے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی، اجلاس کے دوران سندھ حکومت کے اقدامات پر سخت تنقید کی گئی۔وزراء نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی ہٹ دھرمی اور نا اہلی کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا۔
وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ دیگر صوبوں کی نسبت سندھ میں آٹا، چینی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں زیادہ اضافہ ہوا، خیبر پختون خواہ اور پنجاب میں مہنگائی کو کافی حد تک کنٹرول کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی منظوری دیدی، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن جلد شیڈول جاری کرے گا، وفاقی کابینہ نے تمام صوبوں کی جانب سے سروے آف پاکستان کو ڈیٹا دینے کے فیصلے کی منظوری دے دی۔ صوبے وفاقی حکومت کو زمین کا ریکارڈ دینے کے پابند ہوں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قبضہ مافیا نے کھربوں روپے کی مالیت پر قبضہ کر رکھا تھا، قبضہ مافیا سے جنگلات اور سرکاری اراضی کو واگزار کروایا جائیگا۔