لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پاکستان دنیا کا چوتھا مہنگا ترین ملک بن گیا ہے۔
پی پی پی کی جانب سے جاری کردہ وائٹ پیپر کے مطابق افراط زر ، پٹرول اور ڈالر کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ مہنگائی کا باعث بنا ، افراط زر ملک کی 70 سالہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں بجلی کی قیمتوں میں 87 فیصد اور پٹرول کی قیمتوں میں 73 فیصد اضافہ ہوا۔
وائٹ پیپر میں بتایا گیا کہ سٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان میں گزشتہ ایک سال میں چینی سرمایہ میں 85 فیصد کمی آئی ، پی ٹی آئی دور حکومت میں ملکی قرضوں میں 60 فیصد اضافہ ہوا ، کورونا کے دوران 50 لاکھ لوگوں کو نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑا جبکہ 3 سالوں میں زرعی پیداوار میں 4 فیصد کمی ہوئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے جاری کردہ وائٹ پیپر کے مطابق پی ٹی آئی دور حکومت میں ایک بھی ہسپتال نہیں بنایا گیا ، خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی کے حوالے سے پاکستان کا نمبر 167 میں سے 164 پر ہے۔