ہکلہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 25 سال سے کرپشن کے خاتمے کیلئے جدوجہد کر رہا ہوں، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، بدعنوانی کے خاتمے کا فائدہ پوری قوم کو ہوگا۔ مہنگائی کے باوجود 2013 کے مقابلے میں سستی سڑکیں بنا رہے ہیں، واضح ہوگیا ماضی میں کسی کی جیب میں پیسہ جاتا رہا، ایک ہزار ارب روپے کی لوٹ مار کی گئی، سی پیک کے مغربی روٹ سے پسماندہ علاقوں میں ترقی ہوگی۔
ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کی افتتاحی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے سے پسماندہ علاقے ترقی کریں گے، منصوبہ سی پیک کے ویسٹرن روٹ کا اہم جزو ہے، روڈ میپ نہیں ہوتا تو کچھ لوگ آگے اور باقی ملک پیچھے رہ جاتا ہے، 1960 کی دہائی میں پاکستان کی طویل المدت منصوبہ بندی تھی، اس دہائی میں پاکستان میں بڑے بڑے منصوبے لگائے گئے، طویل المدت منصوبہ بندی سے ہی ملک ترقی کرتے ہیں، چین نے مستقبل کی منصوبہ بندی کی ہوئی ہے، دنیا میں سب سے تیز ترقی کرنیوالا ملک چین ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر خاندان کو مارچ تک صحت کارڈ مل جائے گا، ہیلتھ کارڈ صحت سے متعلق ایک مکمل نظام ہے، ہم نے لوگوں کو مفت علاج کی سہولیات دینے کیلئے صحت کارڈ دیا، ریاست کی ذمہ داری ہے لوگوں کی صحت، تعلیم اور انصاف کا خیال رکھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سڑکیں پیسے بنانے کیلئے تعمیر کی جاتی تھیں، سڑکوں کی تعمیر پر دگنا خرچ کیا گیا، ماضی میں پیسہ چوری نہ ہوتا تو اسی رقم میں زیادہ سڑکیں بن سکتی تھیں، این ایچ اے نے 5 ارب روپے سے زائد کی اراضی واگزار کرائی۔