اسلام آبااد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیراسد عمر نے کہاہے کہ کورونا کی قسم اومی کرون پر نظر رکھے ہوئے ہیں، لاک ڈاؤن کا ابھی فیصلہ نہیں کیا۔
ملک بھر میں اومی کرون تیزی سے پھیلنے لگا ہے جس کیلئے حکومت تمام تر ممکنہ اقدامات بروئے کار لانے میں مصروف ہے۔ اسلام آباد اور لاہور میں درجنوں نئے کیسز سامنے آگئے۔ پشاور کے ایک ہی خاندان کے 4 افراد میں اومی کرون وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ متاثرہ افراد میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔
پنجاب میں بھی اومی کرون کے 43 نئے کیسز سامنے آئے۔ لاہور میں متاثرہ افراد کی تعداد 211 ہوگئی۔ اومی کرون کے 98 فیصد کیسز صرف لاہور سے رپورٹ ہوئے۔ اسلام آباد میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں مزید 36 افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی۔ وفاقی دارالحکومت میں اومی کرون کیسز کی تعداد 177 ہوگئی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 955 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 99 ہزار 848 ہوگئی ہے۔