لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کی طرح پنجاب میں بھی وہی لوکل باڈی نظام لانا چاہیے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے پنجاب کے 9 اضلاع سے 80 سے زائد مقامی حکومتوں کے بلدیاتی نمائندگان کی شمولیت کے بعد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اس وقت تکلیف میں ہے، یہ لوگ الٹا غریبوں کے سروں سے چھت چھین رہے ہیں، عوام جانتی ہے پیپلزپارٹی ہردورمیں روزگاردیتی ہے۔ ایک کروڑنوکریاں دینے کے بجائے روزگار چھینا گیا، مجھے عوام کی مدد کی ضرورت ہے، عوام حکومت سے نجات چاہتے ہیں، جدوجہد میں کارکن میرے سب سے تگڑے بازو ہونگے، پیپلزپارٹی گراس روٹ کی جماعت ہے اوررہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اختیار دیئے چھینے نہیں، آصف زرداری سب سے طاقت ور سویلین صدر تھے، زرداری نے تمام اختیارات پارلیمنٹ کودیئے، چاہتے ہیں صوبوں کواختیارات ملیں اورلوکل باڈی سسٹم کومضبوط کیا جائے، پنجاب کا لوکل باڈی نظام آرڈیننس کے ذریعے چل رہا ہے، مرادعلی شاہ نے سندھ میں نیا لوکل باڈی نظام دیا ہے، سندھ کی طرح پنجاب میں بھی وہی لوکل باڈی نظام لانا چاہیے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں ایسے برے معاشی حالات نہیں تھے، جب مشرقی پاکستان الگ،جنگ کے دوران بھی ایسے معاشی حالات خراب نہیں تھے۔ یہ حکومت عوام دشمن حکومت ہے، پیپلزپارٹی غریب،عوام دوست جماعت ہے، بھٹو نے 1970ء میں 5 مرلہ سکیم دی تھی۔