بیرون ملک سے آنے والوں کیلئے سنٹرل قرنطینہ پالیسی منسوخ

Published On 12 January,2022 10:16 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) بیرون ملک سے آنے والوں کیلئے سنٹرل قرنطینہ پالیسی منسوخ کردی گئی ہے۔

بیرون ملک سے پاکستان پہنچنے والے کرونا پازیٹو افراد کیلئے نئی ہدایات تیار کرلی گئی ہیں جس کے مطابق چاروں صوبوں، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سے پہنچنے والے کورونا پازیٹو مسافر گھر پر قرنطینہ کریں گے ۔

ہدایات کے مطابق بیرون ملک سے آئے کورونا پازیٹو مسافر گھر پر 10 روز قرنطینہ کریں گے جبکہ سرکاری قرنطینہ سنٹرز میں موجود مسافروں کو گھر منتقل کیا جائے گا ۔

اُدھر  پاکستان میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر وفاقی وزارت تعلیم نے صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں سکولوں کی بندش کا جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی وزارت تعلیم کے نوٹی فیکیشن کے مطابق صوبائی وزرائے تعلیم کے ساتھ کانفرنس 11 بجے ہوگی، جس میں کورونا وائرس کے پیش نظر سکولوں کی ممکنہ بندش سے متعلق صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کو مختلف امور پر بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کا اومی کرون ویریئنٹ پاکستان میں تیزی سے پھیلنا شروع ہو گیا ہے، مثبت کیسز کی شرح 1.8 فیصد ہو گئی ہے۔ اومی کرون کے حوالے سے اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ یہ زیادہ مہلک نہیں ہے۔ 

انہوں نے پاکستانی عوام پر زور دیا تھا کہ اگر کسی وجہ سے ویکسین نہیں لگوائی تو فوری طور پر لگوائیں۔ پاکستان میں بھی شواہد ملے ہیں کہ 12، 14 اور 15 سال کے بچوں میں بھی اومی کرون پایا گیا ہے۔

دوسری جانب ملک میں کورونا تیزی سے بڑھنے لگا، مہلک وائرس کی شرح پانچ ماہ بعد 4.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 987 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 9 ہزار 248 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار 74 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 48 ہزار 924، سندھ میں 4 لاکھ 90 ہزار 10، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 842، بلوچستان میں 33 ہزار 664، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 433، اسلام آباد میں ایک لاکھ 9 ہزار 660 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 715 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 39 لاکھ 35 ہزار 232 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 120 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 59 ہزار 699 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 628 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 13 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 974 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 83، سندھ میں 7 ہزار 691، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 945، اسلام آباد میں 967، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 748 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

Advertisement