مری: (دنیا نیوز) مری میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی ختم ہونے کے بعد سیاحوں کی آمد سے رونقیں بحال ہونا شروع ہو گئیں۔
سانحہ مری کے بعد حکومت پنجاب نے مری میں ماسوائے مقامی لوگوں کے 17 میل کے مقام پر ناکہ لگا کر مری میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ 8 دن بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایس او پیز کے تحت سیاحوں کو مشروط طور پر مری آنے کی اجازت دے دی۔
مری میں آٹھ ہزار گاڑیاں داخل ہو سکیں گی، شام پانچ بجے سے صبح پانچ بجے تک داخلے پر پابندی عائد رہے گی تاہم مقامی افراد اور آزاد کشمیر سمیت فوجی گاڑیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
دوسرے روز بھی سیاحوں کی آمد میں کمی ریکارڈ کی گئی، ٹریفک پولیس کے مطابق پہلے دن مری میں صرف 900 گاڑیاں داخل ہوئیں، مری کے مین انٹری پوائنٹ سے سیاحوں کی گاڑیوں کا ان آوٹ کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جارہا ہے مری میں سیاحوں کا رش نہ ہونے کے باعث ہوٹلوں نے اپنے کرائے بھی کم کر دیئے ہیں۔
ادھر کاروباری حلقوں نے کہا ہے کہ 5 بجے کی پابندی ختم کی جائے جو سیاحوں کی مری آمد میں رکاوٹ کا سبب بن رہی ہے جبکہ متوقع برفباری کے باعث تمام ادروں نے اپنی تیاری مکمل کرتے ہوئے جناح ہال میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا ہے۔