لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے سانحہ مری پر پارلیمانی کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم پر پی ٹی آئی کا عذاب مسلط ہے، سانحہ مری رپورٹ کوقوم کے ساتھ سنگین مذاق سمجھتا ہوں، اصل کرداروں تک پہنچنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے، مہنگائی میں مسلسل اضافہ جاری ہے ، پاکستان دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک بن گیا ہے، تبدیلی سرکار نے عوام کو منی بجٹ میں 350 ارب روپے کا ٹیکہ لگادیا اور حکمرانوں کے پاس باتوں کے سوا کچھ نہیں ہے۔
کی پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ سانحہ مری نے قوم کے دل چھلنی کر دیے ، اصل کرداروں تک پہنچنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔ حکمرانوں کی بے حسی نے ساری حدیں توڑ دیں ، جہاں پر واقعہ ہوا وہاں کون لوگ تھے؟ حب ٹرین حادثہ ہوا 70 لوگ جل گئے کسی کو کٹہرے میں نہیں لایا گیا ، بزدار سانحہ مری کی رپورٹ ایسے لے رہے تھے جیسے کوئی بڑا تیر مارا ہے ۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ جب بچیاں مدد کے لیے پکار رہی تھیں وسیم اکرم پلس تنظیم میٹنگ کر رہا تھا ، بزدار صاحب ہیلی کاپٹر کہاں تھا جب لوگوں کو جانوں کے لالے پڑے تھے، اس طرح کے بے حس حکمران تاریخ میں نہیں دیکھے ، کیا 15 لوگ معطل کر کے لوگوں سے مذاق کر رہے ہیں ، جب تک اصل ذمہ داروں کا تعین نہیں ہوتا مسلم لیگ (ن) چین سے نہیں بیٹھے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسمبلی میں سانحہ مری پر پارلیمانی کمیٹی بنانے کی تجویز دی ہے ، شہباز شریف نے مری میں ایس او پیز بنائے ہوئے تھے اور زوننگ کی ہوئی تھی ، آج کسان پریشان ہے، رل گیا ہے ، سب رو رہے ہیں ، کھاد بلیک ہو گئی ہے ، ایک بوری نہیں مل رہی ۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان آج دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک ہے ، اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کا غلام بنادیا گیا ، معیشت کا دھڑن تختہ ہوچکا ہے، عمران نیازی کو آج بھی شریف فیملی کی یاد ستاتی ہے، عمران نیازی کوعوام اوراللہ کی عدالت میں حساب دینا پڑے گا، ان کو پتلی گلی سے نہیں نکلنے دیں گے۔