لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے فارن فنڈنگ کیس کا تمام ریکارڈ سامنے لانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کی جعلسازی کا ایک اور ناقابل تردید ثبوت سامنے آگیا۔
ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ شوکت خانم کے ڈونرز کو پی ٹی آئی ڈونر ظاہر کر کے اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ میں شامل کرنا خوفناک انکشاف ہے، عمران صاحب نے خیراتی ادارے کو منی لانڈرنگ اور اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا جرم کیا، شوکت خانم کے ڈونرز کا اعتراض سنگین معاملہ ہے کہ ان کے چندے کو پی ٹی آئی کے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن اس مجرمانہ انکشاف کے بعد فارن فنڈنگ کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سُنے اور کاروائی لائیو ٹیلی کاسٹ کی جائے، فارن فنڈنگ کیس میں 8 والیمز اِس لئے چھپائے جا رہے ہیں کہ خیرات کے پیسے کو سیاسی فنڈ میں تبدیل کیا گیا، عمران صاحب کی کرپشن، منی لانڈرنگ اور غیرملکی غیرقانونی سرمائے کی تفصیل خفیہ رکھی جا رہی ہے، الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق اسٹیٹ بینک سمیت تمام دستاویزات کو پبلک کیا جائے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن کمشن کی جانب سے پی ٹی آئی کی درخواستیں مسترد کرنے کے باوجود 8 والیمز کو چھپایا جا رہا ہے، عمران صاحب نے پارٹی ملازمین کے نجی اکاؤنٹس میں بھاری رقوم منگوائی ہیں، ان کا ریکارڈ بھی ابھی تک سامنے نہیں آیا، عمران صاحب کے برطانیہ، امریکہ، آسٹریلیا، فن لینڈ سمیت غیرملکی بینکوں میں اکاؤنٹس کی تفصیل بھی ابھی آنا باقی ہے، الیکشن کمشن روزانہ کی بنیاد پر فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کرے، 7 سال سے زیر التوا مسئلے پر قانون اور انصاف کے تقاضے بلا تاخیر پورے کئے جائیں۔