کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرانے کیلئے درخواست جمع کرادی۔
خیال رہے کہ 26 جنوری کو کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی تھی جس کے باعث رکن سندھ اسمبلی سمیت کئی کارکنان زخمی ہوگئے تھے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے ایک کارکن کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کے جوائنٹ آرگنائزر محمد اسلم کی نماز جنازہ گزشتہ روز ادا کر دی گئی تھی۔
دوسری طرف ایم کیو ایم کی جانب سے درخواست محفوظ یار خان اور رکن قومی اسمبلی محمداقبال نے سول لائنزتھانے میں جمع کرائی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ قائم کیا جائے۔
درخواست کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات پر پولیس اہلکاروں نے مظاہرین پر تشدد کیا اور پولیس تشدد سے 4 خواتین سمیت 5 اراکین اسمبلی زخمی ہوئے۔ پولیس تشدد سے ایک کارکن محمد اسلم جان کی بازی ہار گیا۔