قومی ائیر لائن کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے 5 سال کا بزنس پلان پیش

Published On 01 February,2022 11:31 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی ائیر لائن کو منافع بخش ادارہ بنانے اور مستقبل میں خسارہ سے بچنے کے لیے پانچ سال کا بزنس پلان پیش کر دیا گیا۔ پلان کے تحت طیاروں، مسافروں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ کارگو اور کمرشل سرگرمیوں پر بھی خاص توجہ دی جائے گی تاہم کامیابی کے لیے چار نکات پر عملدرآمد لازمی کرنا ہوگا۔

وزارت خزانہ کو پیش کیے گئے بزنس پلان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی فنانشل ریسٹرکچرنگ، 2019 کی پالیسی پر مکمل عمل لازمی کرنا ہوگا ، 2024 میں ادارہ منافع کمانا شروع کر دے گا جبکہ پلان کے تچت طیاروں کی تعداد 29 سے بڑھ کر 49 کرنے کی تجویز ہے۔ فضائی بیڑا 16 بڑے، 27 درمیانے اور 6 ٹربو پراپیلر جدید طیاروں پر مشتمل ہوگا۔

مسافروں کی تعداد 52 لاکھ سے بڑھ کر 90 لاکھ سالانہ ہونے سے اثاثے 1 ارب 19 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 2026 میں 2 ارب 18 کروڑ ڈالر ہو جائیں گے۔ برطانیہ، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور خلیج جیسے فائدہ مند روٹس پر مزید پروازیں شروع کرنے کے ساتھ ساتھ باکو، ہانگ کانگ، استنبول، کویت، تہران، ارمچی اور سنگاپور کے نئے روٹس بھی کھولے جائیں گے۔
 

Advertisement