اسلام آباد: (دنیا نیوز) فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ اکبر ایس بابر اسکروٹنی کمیٹی کو ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے، ان کی درخواست میں دعوے جھوٹے ثابت ہوئے، ن لیگ 64 کروڑ روپے کا حساب نہیں دے پا رہی۔
وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی نے اکبر ایس بابر کے دعوؤں کا پول کھول دیا، وہ فارن فنڈنگ کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے، اکبر ایس بابر کے پاس پیش کرنے کیلئے کچھ نہیں،انکو کیس سے علیحدہ کرنے کیلئے پٹیشن دائر کر دی۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ 64 کروڑ روپے کا ن لیگ کوئی جواب نہیں دے سکی، ن لیگ نے 9 بینک اکاؤنٹس چھپائے، تمام سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال ہونی چاہیے، پیپلزپارٹی، ن لیگ قانون سے بھاگنا چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی کو فوری طور پر فعال کرے، اسکروٹنی کمیٹی ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے کیس کی رپورٹ جمع کرائے، مریم اور بلاول اپنے اکاؤنٹس پر بات کیوں نہیں کرتے ؟ دونوں آکر سوالوں کے جواب دیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ تحریک انصاف قانون کا احترام کرتی ہے، ن لیگ عدلیہ پر حملے کر رہی ہے، عدلیہ پر حملے کی اجاز ت نہیں دی جاسکتی، راناثنااللہ کے بیانات کی مذمت ن لیگ نے نہیں کی، مقصود اور مسرور کون ہے؟ اس کا جواب دیا جائے، پہلی بار طاقتور کو قانون سے خوف آ رہا ہے، جس نے بھی ملک کو لوٹا ہے، اس کا احتساب ہوگا۔