سندھ کابینہ نے بلدیاتی ایکٹ پر اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کیلیے کمیٹی قائم کر دی

Published On 02 February,2022 02:59 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کابینہ نے بلدیاتی ایکٹ پر اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کیلیے کمیٹی قائم کر دی۔ کابینہ نے بنڈل اور بڈوآئی لینڈ کو محفوظ جنگلات قرار دے دیا جبکہ سب رجسٹرار کو پاکستان اسٹیل کی اراضی منتقل کرنے سے روک دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں حکومت نے بلدیاتی ایکٹ پر اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔ وزیر بلدیات ناصر شاہ نے لوکل گورنمنٹ قانون کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت پر کابینہ کو بریفنگ دی۔ ناصر شاہ نے جماعت اسلامی، پاک سرزمین پارٹی اور دیگر جماعتوں سے بات چیت کے حوالے سے کابینہ کو آگاہ کیا۔

اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں سے متفقہ نکات پر مکمل عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ناصر شاہ کی جو بات چیت ہوئی ہے، اس کو لاگو کریں گے۔ کابینہ نے بنڈل اور بڈوآئی لینڈ کو محفوظ جنگلات قرار دے دیا جبکہ سب رجسٹرار کو پاکستان اسٹیل کی اراضی منتقل کرنے سے روک دیا۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ سندھ حکومت کی جانب سے اسٹیل ملز کو دی گئی اراضی فروخت نہیں کی جاسکتی۔

کابینہ نے گندم کی امدادی قیمت 2200 روپے مقرر اور 1 اعشاریہ 4 ملین میٹرک ٹن گندم خریدنے کی منظوری دے دی۔ سندھ کابینہ نے گندم خریدنے کیلئے 4 ہزار 450 ملین روپے فنڈز کی خریداری کے لیے منظوری بھی دی۔ کابینہ اجلاس میں بتایا گیا محکمہ جیل میں گریڈ 5 سے گریڈ 15 کی 2 ہزار 113 آسامیاں خالی ہیں۔ کابینہ نے بھرتی کے لیے تھرڈ پارٹی اوپن بڈنگ کی منظوری دے دی۔

سندھ کابینہ نے کوآپریٹو مارکیٹ اور وکٹوریہ مارکیٹ کے متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دے دی۔ مارکیٹس میں 14 نومبر 2021 کو آگ لگی تھی، سندھ کابینہ نے 91 کروڑ روپے سے زائد فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی۔