ایم کیو ایم وفد سے ملاقات، عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہوئی: پرویز الہیٰ

Published On 08 February,2022 05:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے دوران عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

ایم کیوایم کے وفد نے سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ، سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال سمیت اہم امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران چودھری پرویز الٰہی، مونس الٰہی اور طارق بشیر چیمہ بھی موجود تھے۔

ایم کیو ایم رہنماؤں نے دیگر جماعتوں کی قیادت سے اپنی ملاقاتوں پر چودھری برادران کو اعتماد میں لیا جبکہ چودھری برادران نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات میں زیر بحث آنے والے موضوعات کے حوالے سے مہمان رہنماوں کو آگاہ کیا۔

ایم کیوایم کے عامر خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہاہے کہ عوام کی مشکلات اور تکالیف حکومت تک پہنچاتے ہیں، آج کی ملاقات بھی اسی حوالے سے تھی، ہم اپوزیشن کوبھی ساتھ لے کر چلتے ہیں، جہاں غلطیاں ہوتی ہیں ان کی نشاندہی بھی کرتے ہیں، آصف زرداری کی آمد کا مقصد چودھری شجاعت کی خیریت دریافت کرناتھا۔

پرویز الہیٰ نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتما د سے متعلق اپوزیشن والے ہی بتا سکتے ہیں، لیکن ابھی خدوخال سامنے آجائیں، کوئی چیز آجائے، ابھی تو باورچی خانے میں سامنا اکھٹا کیا جارہاہے ، ابھی پکنا شروع نہیں ہواہے ، آپ کاذہن ہے کہ کچا ہی کھا لیں ۔ ابھی تک عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

ایم کیوایم کے عامر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس اختیارارت ہوں تو لوگوں کیلئے کام کر سکیں، ہر سیاسی جماعت کا حق ہے کہ حکومت میں بیٹھے اور لوگوں کے مسائل حل کرائے، سیاسی لوگ اپنے ووٹروں کی خدمت کیلئے سیاست کرتے ہیں، ملاقات میں سیاسی معاملات پر بھی گفتگو ہوئی ہے، سیاسی لوگ اپنے ووٹروں کی خدمت کیلئے سیاست کرتے ہیں، ہر سیاسی جماعت کا حق ہے کہ حکومت میں بیٹھتے اور اپنے علاقے کے لوگوں کو ڈیلیور کرے۔

ان کا کہناتھا کہ شجاعت حسین ہمارے بزرگ ہیں، بڑے ہیں ، ہمیشہ شفقت سے پیش آئے ، ہم آج یہاں شجاعت کی مزاج پرسی کیلئے آئے تھے ، ہم اور وہ حکومت کے ساتھ ہیں ، جو بھی فیصلہ کریں گے مشاورت سے ہی کریں گے ۔