اسلام آباد: (دنیا نیوز) فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے کیسز پر کام مکمل ہوچکا، دونوں جماعتیں کروڑوں کا حساب نہیں دے سکیں، پیپلزپارٹی کے 12 اکاؤنٹس کا ریکارڈ ہی موجود نہیں۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے اکاؤنٹس کے حوالے سے اسکروٹنی کمیٹی کو ابھی فعال نہیں کیا گیا، مریم نواز، بلاول اپنے اکاؤنٹس کا حساب دیں، امریکا، برطانیہ میں جو انہوں نے کمپنیاں بنا رکھی ہیں ان کا حساب دیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی کوشش ہوتی ہے قانون، احتساب اور الیکشن کمیشن سے بھاگیں، الیکشن کمیشن کا کام ہے فیصلہ کرنا، ہم چاہتے ہیں تمام سیاسی جماعتوں کے فنڈز کے کیسز کا فیصلہ ہو۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کبھی ایک دوسرے کو چور کہتے اور سڑکوں پر گھسیٹنے کی بات کرتے ہیں، کبھی یہ ناشتے اور کھانے پر اکٹھے ہو جاتے ہیں۔