لاہور: (دنیا نیوز) حسان خاور نے کہا ہے کہ مقصود چپڑاسی اور مسرور انور شریف خاندان کی کرپشن کا سیاہ باب ہیں، تاریخ پر تاریخ لیتے رہیں لیکن انصاف اور احتساب ہو کر رہے گا۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز کہتے ہیں وکیل بدلنا ہے اس لیے کیس میں التوا دیں جبکہ شہباز شریف کہتے ہیں لمبا التوا دیں کیونکہ قومی اسمبلی کا اجلاس آرہا ہے لیکن بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی، آخر احتساب کا کلہاڑا ان پر ضرور چلے گا۔
حسان خاور نے کہا کہ منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا بہانے بہانے سے تاریخیں لینا ثابت کرتا ہے دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ ساری دال کالی ہے، شہباز شریف بطور وزیر اعلی اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے موقع پر چند منٹوں کے لیے رونمائی کرواتے تھے اور اب ان کو اسمبلی اجلاس کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی ملک میں ایسے ہو سکتا ہے کہ سیاستدانوں کے چپڑاسیوں کے اکاؤنٹس سے 400 کروڑ نکلیں اور وہ اس کا جواب دینے کے بجائے بڑی بڑی تقریریں کریں، انشاءاللہ پاکستان اور عمران خان اس کرپشن کا حساب لے کر رہیں گے۔