اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان سڑکوں پر نہیں جیل جا رہے ہیں، وزیر اعظم کی کابینہ فعل ہو چکی ہے، چور چور کا بیانیہ ناکام ہو چکا، ان کے گھر جانے کا وقت آ گیا، حکومتی اتحادی رابطے میں ہیں، پی ڈی ایم فیصلہ کرے گی کہ عدم اعتماد کا آئینی حق کب استعمال کرناہے۔
سابق وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں معاشی تباہی جاری ہے، عوا م کو چوروں کے ٹولے سے کوئی امید نہیں، آج تک شہباز شریف کیخلاف ایک کیس بھی ثابت نہ ہوسکا اور ان کیخلاف ہر قانون استعمال کرکے الزام لگایا گیا، عمران خان نے ہرادارے کو شہباز شریف کے خلاف استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ ترجمانوں کا اجلاس بلا کرجھوٹ فیڈ کیا جاتا ہے، شہبازشریف کیخلاف عمران خان کا سیاسی انتقام اختتام پذیر نہیں ہوا، عمران خان نےعوام کا جو حال کیا وہ سب کے سامنے ہے، وزیراعظم شہبازشریف کو جیل بھیجنے کیلئے بھرتیاں کررہے ہیں، قوانین کو توڑ مروڑ کر شہبازشریف کے خلاف مقدمات بنائے گئے ، مریم نواز کے خلاف کیس بنائے گئے، جو کاغذ لہراتے تھے وہ آج غائب ہیں۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ کل پاس اور فیل ہونیوالے وزیروں کی فہرست سامنے آئی، جن وزارتوں نےعوام کو ریلیف دینا ہے وہ سب فیل ہیں، یہ فیل وزیراعظم کی فیل ٹیم ہے، انکا چور چور کا بیانیہ ناکام ہوچکا، اب انکے گھر جانے کا وقت آچکا، تحریک عدم اعتماد پرمشاورت جاری ہے، حکومتی اتحادی عوام کے خوف میں مبتلا ہیں اور اپنے حلقوں میں نہیں جاسکتے۔