حکومت کو گرانے کیلئے اپوزیشن متحرک، آصف زرداری کا آج سراج الحق سے ملاقات کا پلان

Published On 13 February,2022 03:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت کو گرانے کیلئے اپوزیشن متحرک ہو گئی، آصف زرداری آج منصورہ جا ئیں گے جہاں سراج الحق سے ملاقات کریں گے، حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بات چیت ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ آصف علی زرداری آج جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ جائیں گے،ان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کا 5 رکنی وفد سراج الحق سے ملاقات کرے گا۔ آصف زرداری شام ساڑھے7 بجے منصورہ پہنچیں گے ۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال سمیت تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر بات ہوگی۔

واضح رہے کہ لاہور اس وقت سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے، دوسری جانب شہبازشریف بھی آج چودھری برادران سے ملاقات کر رہے ہیں، وفد میں سعد رفیق ،عطا تارڑ اور رانا تنویربھی شامل ہوں گے۔ اپوزیشن لیڈر حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر تعاون کی درخواست کریں گے۔

اُدھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپوزیشن کی ملاقاتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں، پی ڈی ایم کی اپنی صفوں میں یکسوئی نہیں، اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں کامیابی نہیں ہوگی، سیاسی مخالفین کو آئینی طریقے سے جواب دیں گے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران کیا۔