لاہور: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر آصف علی زرداری کو ٹیلیفون کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ دونوں رہنماؤں میں سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر آصف علی زرادری کی جلد صحت یابی کیلئے دعاء کی۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ عدم اعتماد کے معاملے پر پوری اپوزیشن کے ساتھ ہے۔ فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کے اتحادیوں سے بھی جلد رابطے کریں گے۔
یاد رہے گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان کی سرپرستی میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا۔ پیپلز پارٹی کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا جبکہ حکومتی اتحادیوں سے رابطوں کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ ہوا ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے، سیاسی لوگ ہیں، اتفاق رائے اور سوچ سمجھ کے ساتھ فیصلے کرتے ہیں، اب حالات بدل گئے ہیں اور حالات کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ سیاست میں بڑے فیصلوں کیلئے دل بھی بڑا کرنا پڑتا ہے، عدم اعتماد لانے کیلئے حکومت کی اتحادی جماعتوں سے بھی رابطے کریں گے، حکومت کی اتحادی جماعتوں سے رابطوں کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور تحریک عدم اعتماد لانے سے پہلے ہوم ورک مکمل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں نے اتفاق کیا کہ ہم تحریک عدم اعتماد لائیں گے، حکومتی اتحادی جماعتوں سے درخواست کریں گے کہ وہ اتحاد ختم کریں۔