لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ جمہوریت کی فتح ہے کہ اپوزیشن کی زیادہ تر سیاسی جماعتیں اب حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے حوالے سے متفق ہیں۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے اعلان کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم عوام کا اعتماد کھوچکے ہیں اور وقت آگیا ہے کہ وہ پارلیمان کا اعتماد بھی کھودیں۔
It is a victory for democracy that most opposition parties now agree to bring a no-confidence motion against the government. The PM has lost the confidence of the people, it is about time he lost the confidence of Parliament .
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) February 11, 2022
قبل ازیں مظفر گڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے ملک تباہ کردیا، کسانوں سمیت تمام طبقوں کا معاشی قتل جاری ہے، حالات کی بہتری اور جمہوری استحکام کے لیے عمران خان کو ہٹانا ضروری ہے۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نور ربانی کھر کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کے لئے آیا ہوں، 27 فروری کے عوامی مارچ کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، جنوبی پنجاب میں مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لینے آیا ہوں ، 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے اور سندھ سے ہوتے ہوئے پنجاب میں داخل ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پیلز پارٹی کی اس جدو جہد کا مقصد عوام کے پاس جا کر اپنا پیغام پہنچانا ہے، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مارچ کا مقصد عوام کو بتانا ہے کہ تبدیلی کے نام پر تباہی ہو رہی ہے، کھادوں کے بحران سے کسانوں کا معاشی قتل بھی ہوا ہے، ہر طبقے کا معاشی قتل ہو رہا ہے،پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کی بنیاد رکھی اور اس بات پر سب متفق ہیں کہ عمران کو تو جانا ہے۔