ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لانگ مارچ سے پہلے ہی کامیابیاں ملنا شروع ہوگئیں، ۔ اگرعمران خان میں ہمت ہے توہمارے مارچ سے پہلے اسمبلی کوتوڑدیں۔ وزیراعظم عدم اعتماد اورآنے والے الیکشن میں بھی ہارے گا، ہمارا مارچ شروع ہونے سے پہلے جوعدم اعتماد کو نہیں مانتے تھے وہ بھی مان رہے ہیں، ہم عدم اعتماد کے لیے مہم چلائیں گے۔
ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کےعوامی مارچ سے قبل ہی عمران خان کی وکٹیں گرنا شروع ہوچکی ہیں، پیپلز پارٹی کے قانونی ماہرین کی بدولت ایک نالائق سینیٹر نااہل ہوچکا ہے، اسلام آباد پہنچنے سے قبل ان کی مزید وکٹیں گرائیں گے۔ اسلام آباد میں پورا ملک ہمارے ساتھ ہوگا عوام کا ری ایکشن پوری دنیا کے سامنے ہوگا پھرکوئی نہیں انکارکرسکے گا، اس وزیراعظم پرحملہ ہونا ہے۔ نااہل سلیکٹڈ وزیراعظم سے حساب لیں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلے یہ بزدل لاہورالیکشن سے بھاگا، اب ڈی آئی خان میں بھاگ رہا ہے، یہ ڈی آئی خان میں اپنے ہی امیدوار کو نااہل کر کے الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کررہا ہے، بلدیاتی الیکشن کا پہلا فیزاوردوسرا فیزمیں بھی ہارے گا، خیبرپختونخوابلدیاتی الیکشن دوسرا فیز، عدالت سے فیصلہ سنوایا موسم خراب ہے الیکشن نہیں ہونا چاہیے، اعلیٰ عدلیہ،الیکشن کمیشن کوسلام پیش کرتا ہوں۔
بلاول کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مارچ شروع ہونے سے پہلے عمران کی وکٹیں گرنا شروع ہوگئی ہے، عمران خان کا سینیٹرنااہل ہوچکا ہے، اسلام آباد پہنچنے سے پہلے مزید وکٹیں گریں گی، وزیراعظم آج مہنگائی کے بجائے پیپلزپارٹی کوبڑا یاد کررہے تھے، اگرعمران خان میں ہمت ہے توہمارے مارچ سے پہلے اسمبلی کوتوڑدیں، اگرعمران خان کویقین ہے عوام اسے ووٹ دیں گے تو ہمت کریں، اس بزدل نے اپنے ہی امیدوارکے فارم ریجیکٹ کروایا تھا، یہ وزیراعظم بزدل ہیں۔
پی پی چیئر مین کا کہنا ہے کہ مجھے سوفیصد یقین ہے ہماری پارٹی لانگ مارچ میں کامیاب ہوگی، ہمارے لانگ مارچ سے پہلے کامیابیاں ملنا شروع ہوگئی ہے، حکومت سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا اب پارلیمان کا اٹھنا چاہیے۔ کچھ لوگ عمران خان کے لیے کھلا میدان چھوڑنا چاہتے تھے، پیپلزپارٹی کا فیصلہ تھا سلیکٹڈ کے لیے کھلا میدان نہیں چھوڑیں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہرضمنی الیکشن میں عمران خان کوشکست دی، ہم نے وزیراعظم کے گھرمیں گھس کراسے شکست دی، سی ای سی میں کچھ دوستوں نے کہا ابھی انتظارکرنا چاہیے، اکثریت کی رائے تھی مہنگائی،غربت عروج پرہے آج ہی لانگ مارچ کا اعلان کریں۔ سی ای سی نے عوامی مارچ کا فیصلہ کرلیا ہے، 27فروری کوکراچی سے نکلیں گے، سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ہم نے اعلان جنگ کیا ہے، پہلے دن سے نااہل، ناجائز، کٹھ پتلی کا مقابلہ کررہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ نے محترمہ شہیدبینظیر بھٹو، سابق صدر آصف زرداری کو الزامات سے بری کیا، پرویز مشرف آمرچور،چورکہتا تھا آج وہ خود بھگوڑا ہے، عمران خان عدم اعتماد اورآنے والے الیکشن میں بھی ہارے گا، تین سال بعد بھی کرپشن، کرپشن کی رٹ لگارہا ہے، لوگوں کے کرپشن، کرپشن کے الفاظ سن کر کان پک چکے ہیں، ٹرانسپرنسی کے مطابق موجودہ حکومت کرپٹ ترین حکومت ہے، ہم پرکرپشن کے الزام لگانے والے الزام ثابت نہیں کرسکے۔