پی ڈی ایم کا مقابلہ نااہل حکمرانوں سے ہے، اب یہ نہیں ٹھہر سکتے: مولانا فضل الرحمان

Published On 06 February,2022 05:32 pm

ڈیرہ اسماعیل خان:(دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا مقابلہ نااہل حکمرانوں سے ہے، اب یہ ملک میں نہیں ٹھہر سکتے، ہم ان کو بھگائیں گے اور عوام کی نمائندہ حکومت بھی لائیں گے۔ جس گھرانے میں پیدا ہوا گلی محلوں کے لفنگوں کو میں جواب دے نہیں سکتا، صوبہ کے بلدیاتی انتخابات کو دومراحل میں کراکے اپنے حق میں نتائج حاصل کرنے کی سازش کی گئی۔

ڈیر اسماعیل خان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ ہم نے پہلے مرحلہ میں بھی انہیں شکست دی اور اگلے مرحلہ میں بھی جمعیت علمائے اسلام انہیں شکست فاش دے گی، اگر آپ نے بلے کو ووٹ دینا ہے تو ملک ڈبونے میں انکا ساتھ دینے والوں میں شامل ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا نااہلوں کا مقابلہ کر رہے ہیں،عمران خان واقعی باہر کا ایجنڈالیکر آیا، اسکے حق میں پروپیگنڈا کرنے والے آج شرمندہ ہیں ، اب یہ ملک میں نہیں ٹھہر سکتے انکو ہم بھگائیں گے، جعلی وزیر اعظم کے چین میں ہوتے ہوئے بھی چین کی قیادت نے وڈیو لنک سے بات کی اور براہ راست ملاقات نہیں کی۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے بلاول، زرداری سے ملاقات پر مجھے اعتماد میں لیا، پی ڈی ایم کبھی بھی صدارتی نظام کی حمایت نہیں کرے گی۔

قبل ازیں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میانوالی کے علاقے کندیاں میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں، وہ اس حیثیت سے دیگر جماعتوں سے مل سکتے ہیں، کے پی الیکش میں کامیابی حاصل کر کے تبدیلی کی بنیاد رکھ دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا جمعیت پی ٹی آئی کی ناجائز حکومت کو تسلیم نہیں کرتی، ہم جلد عوام کو اس ناجائر حکومت سے چھٹکارا دلوائیں گے، پارلیمنٹ عوام کا عہدہ ہے، اس کے بغیر آمریت ہی ہے۔

 

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کبھی بھی صدارتی نظام کی حمایت نہیں کرے گی ، سی پیک عظیم منصوبہ ہے مگر تین سال سے بند ہے، پنجاب میں بلدیاتی الیکش پر لائحہ عمل ہماری مجلسٰ شوری طے کرے گی۔