پی ڈی ایم کل ہی عدم اعتماد لے کر آجائے، فواد چودھری کا چیلنج

Published On 11 February,2022 10:33 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کل ہی عدم اعتماد لے کر آجائے، پی ٹی آئی اور اپوزیشن کے ارکان آپ کو ہی سرپرائز دیں گے ۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کچھ دیر پہلے کرپشن لمیٹڈ پارٹی کی ایک بیٹھک ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد لارہے ہیں، ان سے کہتا ہوں کہ عدم اعتماد لانے کی جرات کریں، یہ عدم اعتماد کل لائیں ان کوپتا چل جائے گا سبزی، دال کا بھاؤ کیا ہے۔

 

 

 

 

یہ بھی پڑھیں:پی ڈی ایم کا حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ یہ سمجھ رہے ہیں کہ شہبازشریف پرفرد جرم آگے چلی جائے گی، ایسا نہیں ہوگا، مولانا فضل الرحمان پہلے دن سے حکومت کو گھر بھیجنے کی باتیں کر رہے ہیں، مولانا کے بازوؤں میں وہ طاقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج آپ کی گفتگو سے کمزوریاں نظر آرہی تھیں، آج بھی آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم بات کریں گے، ہم یہ کریں گے، چیلنج کرتا ہوں آپ جرات کا مظاہرہ کرکے کل تحریک عدم اعتماد لیکرآئیں، تحریک انصاف اورآپ کے اپنے ممبران اسمبلی سرپرائز دیں گے، کسی مائی کے لعل میں جرات نہیں کہ وہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لاسکے، آپ لوگ سیاست میں وہ چوہے ہیں جن کا خیال ہے کہ چھت میں آواز زیادہ آئے گی تو زیادہ دوڑیں گے۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بھی تحریک عدم اعتماد کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل گئی، ان کے مرجھائے ہوئے چہرے بتا رہے تھے کہ یہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف عدم اعتماد نہیں لا سکتے، اب یہ منت سماجت کے اوپر آگئے ہیں، اپوزیشن ایک دوسرے کیخلاف عدم اعتماد لائے گے۔

 

Advertisement