مظفر گڑھ:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے ملک تباہ کردیا، کسانوں سمیت تمام طبقوں کا معاشی قتل جاری ہے، حالات کی بہتری اور جمہوری استحکام کے لیے عمران خان کو ہٹانا ضروری ہے۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نور ربانی کھر کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کے لئے آیا ہوں، 27 فروری کے عوامی مارچ کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، جنوبی پنجاب میں مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لینے آیا ہوں ، 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے اور سندھ سے ہوتے ہوئے پنجاب میں داخل ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پیلز پارٹی کی اس جدو جہد کا مقصد عوام کے پاس جا کر اپنا پیغام پہنچانا ہے، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مارچ کا مقصد عوام کو بتانا ہے کہ تبدیلی کے نام پر تباہی ہو رہی ہے، کھادوں کے بحران سے کسانوں کا معاشی قتل بھی ہوا ہے، ہر طبقے کا معاشی قتل ہو رہا ہے،پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کی بنیاد رکھی اور اس بات پر سب متفق ہیں کہ عمران کو تو جانا ہے۔