اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ کاروباری تعلقات اور مواصلاتی منصوبوں کو اولین ترجیح دیتا ہے، پاکستان پر امن اور مستحکم افغانستان چاہتا ہے۔ عالمی برادری افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے مدد کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایپکس کمیٹی برائے افغانستان کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
ایپکس کمیٹی کو مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے افغانستان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ افغان عوام کی امداد کے لئے اعلان کردہ منصوبوں اور وعدوں پر تیزی سے عمل کریں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء شوکت فیاض ترین، فواد چودھری، شفقت محمود، اعظم خان سواتی، شیخ رشید احمد، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف، وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور اعلیٰ سول و فوجی افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم افغان طلباء افغانستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گےاور دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنائیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان کیلئے وظائف جاری رکھے جائیں اور تمام ضروری وسائل دستیاب کئے جائیں۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کے امکانات کے حوالہ سے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ کاروباری تعلقات اور مواصلاتی منصوبوں کو اولین ترجیح دیتا ہے اور حکومت کی طرف سے مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔ پاکستان افغانستان میں پاکستان کی مدد سے تعمیر کئے جانے والے ہسپتالوں اور افغانستان کے ساتھ وسیع تر روڈ اور ریل رابطے کے قیام میں تعاون کرے گا۔