'سیاسی عمل میں رابطے سب کیساتھ ہوتے ہیں، جو ملک کے مفاد میں ہوگا وہ کرینگے'

Published On 22 February,2022 03:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سیاسی عمل کی وجہ سے رابطے سب کے ساتھ ہوتے ہیں، جو ملک کے مفاد میں ہوگا وہ انشااللہ کریں گے۔

چودھری پرویز الٰہی سے صاحبزادہ محبوب سلطان اور صاحبزادہ امیر سلطان نے ملاقات کی، جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صاحبزادہ محبوب سلطان اور صاحبزادہ امیر سلطان نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔

اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ سیاسی عمل کی وجہ سے رابطے سب کے ساتھ ہوتے ہیں، تاہم فیصلے مشاورت اور سوچ سمجھ کر ملکی مفاد میں کیے جاتے ہیں، خاص طور پر اپنی سیاسی ساکھ کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کریں گے، پاکستان مسلم لیگ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوامی خدمت میں اپنا بھر پور کردارادا کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کا وزارت اعلیٰ کا دور صوبے کا سنہری دور تھا، اس دور میں عوام خوشحال تھے، یہی وجہ ہے عوام آج بھی ترقی کے اس دور کو اچھے الفاظ میں یاد کر رہے ہیں۔