کراچی:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے رہنما اور وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مارچ جوکروں کا مارچ اور اسد عمر معیشت کے گورکن ہیں، شاہ محمود کے خطاب کے دوران لوگ دکھائے جائیں تو حقیقت کھل جائے گی، بلاول بھٹو کے لانگ مارچ کا تاریخی استقبال کیا گیا۔
سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے پی ٹی آئی سندھ حقوق مارچ کو’’جوکرمارچ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کا پانی بند کرنے والے مارچ کررہے ہیں، یہ کس منہ اورکس نعرے کے ساتھ مارچ کرنا چاہتے ہیں؟ بلاول کہہ رہا ہے وزیراعظم نے معیشت کا جنازہ نکال دیا، لوگ ساتھ چلیں، بلاول لوگوں کو کہہ رہا ہے چینی، آٹا، ادویات مہنگی ہوگئیں، میرا ساتھ دو، بلاول کے مارچ میں عوام نکل رہے ہیں، پندرہ سال سے کچھ نہیں کیا تولاکھوں لوگ استقبال کیوں کررہے ہیں، جب یہ کہتے ہیں 2023 میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی توہنسی آتی ہے۔
سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مارچ میں کرسیوں کی قطاریں خالی تھیں، میڈیا بلاول بھٹو اور پی ٹی آئی کی گاڑیوں کو بھی دکھایا جائے، شاہ محمود قریشی عمران خان کو ایک آنکھ نہیں بھاتا، عمران خان شاہ محمود قریشی سے نفرت کرتا ہے، گھوٹکی میں شاہ محمود قریشی کے مرید موجود ہیں، جوکر مارچ میں مرید شاہ محمود قریشی کا دیدار کرنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسری طرف جوکر مارچ کا آغاز گھوٹکی سے ہوا ہے، پیپلزپارٹی کی ریلی میں گاڑیاں بھی گنی جاتی ہیں، ہرشہر سے قافلے میں لوگ شریک ہوتے جائیں گے۔