ملتان، بہاولپور،لودھراں: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس 5 دن کی ڈیڈ لائن ہے خود مستعفی ہوجائیں، اگرغیرت ہے تو وزیراعظم اسمبلی توڑکرہمارا مقابلہ کریں۔پی ٹی آئی اراکین اسمبلی تحریک عدم اعتماد کا ساتھ دیں۔
پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے، بلاول بھٹو کی قیادت میں مارچ بہاولپور پہنچ چکا ہے۔ چنی گوٹھ میں انہوں نے جیالوں سے خطاب کیا۔
جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ عوام عمران خان سے چھٹکارہ چاہتے ہیں، عمران خان کے پاس 5 دن کی ڈیڈ لائن ہے، اگرغیرت ہے تواسمبلی توڑ کر ہمارا مقابلہ کرو، پانچ دن بعد ہمارے پاس عدم اعتماد کے نمبرز پورے ہو چکے ہوں گے، ہم اسلام آباد پہنچ کرتمہارا بندوبست کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹوکے نامکمل مشن کومکمل کرنا ہے۔ ہم عوامی حکومت بنا کرعوام کے مسائل کوحل کریں گے۔ اتحادیوں کوکٹھ پتلی کا ساتھ نہیں دینا چاہیے، ہم اس کوہٹا کرشفاف الیکشن کروائیں گے۔ بہاولپورنے ثابت کردیا وزیراعظم سے اعتماد اٹھ گیا ہے، تمام جماعتوں کو عدم اعتماد میں ساتھ دینا چاہیے۔ اب ہم نے کٹھ پتلی سے حساب لینا ہے، اسلام آباد جاکرکٹھ پتلی سے ٹکرائیں گے۔
بلاول نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگرآپ ہمارے ساتھ ہو تو دنیا کی کوئی طاقت راستہ نہیں روک سکتی، جیالوں نے ضیاالحق، مشرف کا مقابلہ کیا اب کٹھ پتلی کو بھگادیں گے۔ نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لیے دھکے کھا رہے ہیں، عمران کہتا تھا جب پٹرول، بجلی مہنگا ہوتی ہے مطلب وزیراعظم چورہیں، یہ خود تاریخی چورنکلا، تین سالوں میں کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں، اس نے عوام کی جیب، پیٹ پرڈاکہ مارا ہے، یہ چینی،آٹا،پانی،گیس،کھاد چورہے۔
لودھراں میں لانگ مارچ سے خطاب
لودھراں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کی پارٹی کی حمایت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی نے اس ملک کو جمہوریت، آئین، ایٹمی طاقت، مزدوروں اور کاشتکاروں کو حقوق، خواتین کو بی آئی ایس پی اور روزگار دیا۔ اس پارٹی کو سپورٹ کریں جس نے ہمیشہ عوام کے لیے کام کیا ہو۔ پیپلز پارٹی خوشحال کاشتکار پر یقین رکھتی ہے جس سے ملک خوشحال ہوتا ہے۔ اگر پاکستان زرعی ملک ہے تو کاشتکار بھوکے سونے پر کیوں مجبور ہیں؟
بلاول کا کہنا تھا کہ نااہل کٹھ پتلی کو کبھی بھی جائز وزیراعظم قبول نہیں کیا۔ ہم ایک جمہوری پارٹی ہیں اور ہمارا مارچ جمہوری حق ہے۔ مارچ نے کٹھ پتلی کو پٹرول کی قیمت اور بجلی کے ٹیرف میں کمی پر مجبور کیا۔ ہم اسلام آباد آ کر اسے ہٹا دیں گے۔ کٹھ پتلی عمران نے ملک میں عام لوگوں کے لیے معاشی بحران کا منصوبہ بنایا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب اراکین قومی اسمبلی سے کہا کہ اگر وہ پاکستان کے عوام سے معافی چاہتے ہیں تو تحریک عدم اعتماد کا ساتھ دیں۔
ملتان میں لانگ مارچ سے خطاب
ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا ان کیلئے کوئی بھی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے ان کا مقابلہ کریں گے، کہا گیا سینیٹ الیکشن ،ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں حصہ نہ لیں، عوام کو روزگار دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، انہوں نے روزگار دینے کےبجائے لوگوں کو بے روزگار کردیا ، عمران خان نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، حق روزگار کیلئے جدوجہد کررہے ہیں
انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں جنوبی پنجاب صوبہ بنایا جائے۔ عوام کو یہ حق دیا جائے کہ وہ اپنے نمائندے خود منتخب کریں، ہم عمران خان کی خاطر اپنے اصولوں کا سودا نہیں کر سکتے، چاہتے ہیں صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ مارچ شروع کرنے سے پہلے کچھ مطالبات سامنے رکھے تھے۔ ہم جمہوریت اور معیشت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم ہر روز غیر آئینی کام کرتا ہے۔ یوسف رضا گیلانی کو غیر آئینی کام نہ کرنے پر گھر بھیجا گیا۔ ہم عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ حکومت نے قوم کے حق پر ڈاکہ مارا ہے، آج دنیا بھر میں وزیراعظم کی پہچان یہی ہے۔ وزیراعظم سلیکٹڈ ہے الیکٹڈ نہیں۔ پہلے ہی روزوزیراعظم کو سلیکٹڈ قرار دیا تھا، عوام نے پیپلزپارٹی کے مارچ کی حمایت اور سلیکٹڈ کو مسترد کیا۔ پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ 27فروری کو مزار قائد سے روانہ ہوا تھا۔ میں ملتان کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔
خان بیلہ میں خطاب
بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ میاں صاحب کو لندن بھیج دیا اور یہاں کٹھ پتلی کو بٹھا دیا گیا، احتجاج تو کریں گے لیکن عدم اعتماد بھی لے کر آئیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے خان بیلہ میں مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے سوال ہے 3 سال گزر چکے کیا تبدیلی نظر آئی ؟ نالائق، نااہل وزیراعظم کو ہٹانے کیلئے نکلے ہیں، پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کی وجہ سے ملک معاشی بحران سے گزر رہا ہے، ہم پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کیخلاف نکلے ہیں، بڑھتی مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ قائد عوام کو شہید کر کے پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی سازش کی گئی، محترمہ کے شہید ہونے پر زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، آصف زرداری نے ملک میں جمہوریت کو بحال کیا، آصف زرداری نے سندھ اور بلوچستان کو حق دیا، 18 ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو اختیارات دیئے، لانگ مارچ شروع ہوتے ہی اپوزیشن جماعتیں پیپلزپارٹی کے پیج پر آچکیں، کٹھ پتلی سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا، اب پارلیمان کا اعتماد اٹھنا چاہیے، 3 سال میں جو کوئی نہیں کرسکا وہ پیپلزپارٹی کے عوامی مارچ نے کر دکھایا، کٹھ پتلی عوامی مارچ کی طاقت دیکھ کر گھبرا گیا، کٹھ پتلی نے گھبرا کر پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کر دی۔
ق لیگ مفت میں ووٹ نہیں دے گی، انہیں بہتر پیشکش دینی چاہیے: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ق لیگ مفت میں ووٹ نہیں دے گی، انہیں بہتر پیشکش دینی چاہیے، کون کون رابطے میں ہیں، مناسب وقت پر نام سامنے لائیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو ہٹانے کیلئے عدم اعتماد ہی جمہوری طریقہ ہے، عمران خان کے بعد محدود مدت کا سیٹ اپ آئے گا، وزیراعظم کیلئے شہباز شریف کو ووٹ دینا پیپلزپارٹی کیلئے کڑا ٹاسک ہے، ملکی مفاد میں شارٹ ٹرم کیلئے یہ قربانی دینے کو تیار ہیں۔