کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ق لیگ مفت میں ووٹ نہیں دے گی، انہیں بہتر پیشکش دینی چاہیے، کون کون رابطے میں ہیں، مناسب وقت پر نام سامنے لائیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو ہٹانے کیلئے عدم اعتماد ہی جمہوری طریقہ ہے، عمران خان کے بعد محدود مدت کا سیٹ اپ آئے گا، وزیراعظم کیلئے شہباز شریف کو ووٹ دینا پیپلزپارٹی کیلئے کڑا ٹاسک ہے، ملکی مفاد میں شارٹ ٹرم کیلئے یہ قربانی دینے کو تیار ہیں۔
خیال رہے گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک پر کٹھ پتلی حکومت مسلط ہے، الٹی گنتی شروع ہو چکی، جمہوری حقوق پر ڈاکا ڈالنے والوں کو اب جانا ہی پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے حقوق کبھی پلیٹ میں رکھ کر پیش نہیں ہوتے، لڑنا پڑتا ہے اور حقوق چھیننے پڑتے ہیں۔ حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد، محنت اور قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔ جس وقت پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور اسلام آباد کے ایک ہسپتال میں تھیں، وہ گھوٹکی میں قومی اسمبلی کی نشست میں حصہ لے رہی تھیں، مشکل وقت میں گھوٹکی کے عوام نے ان کا ساتھ دیا اور پیپلز پارٹی نے یہ نشست جیتی۔ کچھ لوگ چاہتے تھے عمران خان یہ سیٹ جیتیں اور یہ ضمنی انتخابات میں کٹھ پتلی عمران خان کی پہلی شکست تھی۔
پی پی کا کہنا تھا کہ گھوٹکی کے عوام کو کبھی نہیں بھول سکتا جنہوں نے مشکل وقت میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا۔ وہ ایک بار پھر ایسے وقت میں گھوٹکی آئے ہیں جب ہر شہری اس سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی عمران خان کی پالیسیوں سے پریشان ہے۔ عمران خان تبدیلی کے نام پر پاکستان پر تباہی لے کر آئے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی غریب عوام کے حقوق کے لیے بنائی گئی ہے۔ قائداعظم نے مزدور، کاشتکار، طلباء، خواتین اور معاشرے کے ہر طبقے کو حقوق دیے۔ اس نے پاکستان کو ایٹمی صلاحیت دی۔ شہید بینظیر بھٹو نے دو آمروں جنرل ضیاء اور جنرل مشرف کا مقابلہ کیا۔ ان دہشت گردوں کی مخالفت کی جو پاکستان کو تباہ کرنا چاہتے تھے۔ یہ محنت کا نتیجہ تھا آج پاکستان میں جمہوریت ہے۔ حقوق محنت اور قربانیاں مانگتے ہیں۔