اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے قبل از وقت الیکشن پر اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ بات چیت ہونی چاہیے، حالات ہی ایسے ہیں، اتحادیوں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن میں شامل جماعتوں سے بھی مذاکرات ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مل بیٹھ کر بات کرنے سے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔
آئندہ ہفتے اپوزیشن اپنی تحریک سمیت گھروں کو واپس چلی جائے گی: فواد چودھری
قبل ازیں وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران اپوزیشن اپنی تحریک سمیت گھروں میں واپس چلی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ فضل الرحمان کے 48 گھنٹے اور بلاول کے پانچ دن تو کاٹھ کا گھوڑا نکلے لیکن میں بتا رہا ہوں آئندہ ہفتے میں اپوزیشن اپنی تحریک سمیت گھروں میں واپس چلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تمام دعوؤں سے مکمل ہوا نکل جائے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر نظر آرہی ہیں، پیپلز پارٹی پٹرول کی قیمت میں 10 روپے اور بجلی کے نرخوں میں 5 روپے کمی کو لانگ مارچ کی کامیابی قرار دے رہی ہے۔ پی پی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ریاست بچانے کے لیےعمران خان کو جانا ہو گا، ہماری گنتی پوری ہوگئی، 8 یا 9 تاریخ کو تحریک عدم اعتماد پیش کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہو گی امپائر نیوٹرل ہو جائے۔