اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں ناکامی ہو گی، عدم اعتماد کیلئے 172 افراد اپوزیشن نے لے کر آنے ہیں، ہاریں گے تو کہیں گے تھرڈ امپائر نے ہرایا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پشاور دھماکے میں ملوث نیٹ ورک کا پتہ چلا لیا، 6 ملزمان تک پہنچ گئے ہیں، غیر ملکی طاقتیں پاکستان میں عدم استحکام چاہتی ہیں۔ ہمیں کسی مارچ سے مسئلہ نہیں، پہلے ہی کہا تھا یہ 23 مارچ کو لانگ مارچ نہیں کریں گے، 23 مارچ کو جے 10 سی کے جدید طیارے فلائی پاسٹ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آزاد خارجہ پالیسی چلا رہے ہیں، دنیا میں عالمی جنگ کے خطرات ہیں، آپ کیسے ملک چلائیں گے۔ جیلوں سے بچنے والے جلد قانون کے دائرے میں ہوں گے، پیپلزپارٹی کے مارچ میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائیگی۔