علیم خان بطور وزیراعلیٰ کسی صورت قبول نہیں: عثمان بزدار کا قیادت کو پیغام

Published On 08 March,2022 03:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قیادت کو پیغام دیا ہے کہ علیم خان بطور وزیراعلیٰ کسی صورت قبول نہیں۔

علیم خان کے خلاف وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کھل کر میدان میں آگئے۔ انہوں نے کہا کہ پرویزالہٰی کو منصب دیا جائے یا میرے پاس رہنے دیا جائے، ارکان اسمبلی کے بھی علیم خان مخالف جذبات ہیں۔

قبل ازیں وزیراعلی عثمان بزدار نے موجودہ سیاسی صورتحال پر اپنے اہم بیان میں کہا کہ اپوزیشن عدم اعتماد کا شوق پورا کرلے، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، اس وقت احتجاجی سیاست ملکی سلامتی اور یکجہتی کیلئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفاق کے بیج بونے والوں کو اپنے دانتوں سے گرہیں کھولنا پڑیں گی، سیاست کیلئے آگے بہت وقت ہے، اس وقت احتجاجی سیاست کرنا ملک کی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، دن میں خواب دیکھنے والے اور رات میں سازشیں کرنے والے ہمیشہ ناکام رہتے ہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان کو وزیراعظم عمران خان جیسا ویژنری اور بے باک لیڈر ہی آگے لیکر جاسکتا ہے، ایک طرف کرپٹ سیاست دان ہے اوردوسری طرف وزیراعظم عمران خان کی صورت میں ایماندارقیادت، کرپٹ مافیا کا پہلے بھی مقابلہ کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔