اسلام آباد: (دنیا یوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کیساتھ مضبوط تعلقات کا خواہشمند ہے، دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ اہداف کی بنیاد پر استوار ہیں۔
وزیراعظم عمران خان سے امریکا کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر مسعود خان نے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعظم نے نامزد سفیر مسعود خان کو ہدایت کی وہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ رابطہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی بہت متحرک ہے اور دونوں ممالک کے مابین پل کا کردار ادا کرتی ہے۔
وزیراعظم نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ پاک، امریکا تعلقات کو مزید مستحکم بنانے بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری بڑھانے اور پبلک ڈپلومیسی کیلئے کام کریں۔
انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کو درست طورپر اجاگر کرنے پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے نامزد سفیر کی نئی ذمہ داریوں کے سلسلہ میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستان اور امریکا کے تعلقات شراکت داری اور مشترکہ اہداف کی بنیاد پر استوار ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا کیلئے نامزد سفیر مسعود خان ایک تجربہ کار سفارتکار ہیں، چین میں پاکستان کے سفیر کے طور پر بھی ذمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں، وہ نیویارک اور جنیوا سمیت اقوا م متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ واشنگٹن ڈی سی میں بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔