راولپنڈی: (دنیا نیوز) آئی ایس پی آر نے ڈائمنڈ جوبلی پر ملی نغمہ جاری کر دیا، نغمے کا ٹائٹل "شاد رہے پاکستان" رکھا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملی نغمہ 23 مارچ کے حوالے سے منفرد انداز میں تیار کیا گیا ہے، یہ گیت ارضِ پاک کے نام ایک ایسی دعا ہے جو ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔ اس گیت میں شاندار ماضی، پرعزم حال اور خوشحال مستقبل جیسی نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 23 مارچ ہر سال یوم پاکستان کے طور پر منایا جاتا ہے، قرارداد پاکستان 23 مارچ 1940 کو پیش کی گئی تھی جس کی بنیاد پر مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے جدا گانہ وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی تھی اور سات برس کے بعد اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہی۔ وہ مطالبہ جو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ "23 مارچ کی اہمیت کسی بھی طرح 14 اگست سے کم نہیں کیونکہ یوم پاکستان اگر پاکستان کا سنگ بنیاد رکھنے کی تشبیہ ہے تو 14 اگست خواب کو حقیقت میں بدلنے کا دن ہے۔