راولپنڈی: (ویب ڈیسک) کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران عسکری قیادت نے خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں بھارتی میزائل فائر کرنے کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دنیا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران اہم عالمی، علاقائی پیشرفت، ملک میں داخلی سلامتی کی صورتحال، مغربی سرحدوں پر پیش رفت کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔
#CCC was held @ GHQ. General Qamar Javed Bajwa, COAS presided. Forum was given comprehensive briefing on important global / regional developments, internal security situation in the country & progress on Western Border Management Regime. (1/5) pic.twitter.com/e2005ItjMf
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) March 15, 2022
ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس نے بھارت کی طرف سے خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں گرنے والے میزائل کے حالیہ واقعہ کو حادثاتی قرار دینے پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کا تفصیلی جائزہ لیا۔
شرکاء کے مطابق بھارتی میزائل سے بڑی تباہی ہو سکتی تھی۔ غلطی کے بھارتی اعتراف کے باوجود متعلقہ بین الاقوامی فورمز کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ عالمی فورمز کوبھارتی ہتھیاروں کی سکیورٹی پر سنجیدگی سے سوچنا چاہیے، ایسے خطرناک واقعات خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز کو سراہا۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی کہ او آئی سی کونسل آف وزرائے خارجہ کے اجلاس، یوم پاکستان پریڈ کے پر امن انعقاد کے لیے جامع حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فارمیشنوں کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور مشن پر مبنی تربیت پر زور دیا۔