اسلام آباد:(دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم عمران خان کو مانسہرہ میں جلسہ کرنے سے روک دیا ہے۔
مراسلہ کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے وزیراعظم کو جلسہ سے روکا جبکہ الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو وزیر اعظم کا دورہ رکوانے کا حکم دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مراسلہ کے مطابق وزیر اعظم کے 25 مارچ کو مانسہرہ میں دورہ کا پلان ہے جس کو روکا جائے، ضابطہ اخلاق کے تحت جلسہ، جلوس، ریلیوں اور پبلک آفس ہولڈرز کےداخلہ پر پابندی ہے۔
پی ٹی آئی کا ڈی چوک کے بجائے پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کا فیصلہ
ادھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27 مارچ کو ڈی چوک کے بجائے پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جلسہ گاہ کی تبدیلی کے لیے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دے دی ہے۔
تحریک عدم اعتماد سے پہلے پاکستان تحریک انصاف نے27 مارچ کے جلسے کی جگہ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید اور معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے آفس میں میں تحریری طور پر جلسہ گاہ کی تبدیلی کے لیے درخواست دے دی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ہم نے جتنےجلسے کئے قوانین کو مانا ہے، ڈی چوک جلسہ کرنے کپ بجائے پریڈ ایونیو میں جلسہ کرنے جارہے ہیں، امر بالمعروف جلسے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم نے حق کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے، اپوزیشن کی عدم اعتماد نہیں ’نوٹ کانفڈنس‘ ہے،سارے چور اکٹھے ہوچکے ہیں۔