کراچی:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کے گھر کے باہر احتجاج کے معاملے پر مقامی عدالت نے پی ٹی آئی کے 2 ایم پی ایز کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی جبکہ تین کارکنوں کو جیل بھیج دیا۔
کراچی کی مقامی عدالت میں اراکین سندھ اسمبلی شاہنواز جدون اور سعید آفریدی وکلا کے ہمراہ پہنچے، عدالت نے پی ٹی آئی کے دو ایم پی ایز کی 29 مارچ تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی، سعید آفریدی، شاہنواز جدون کو 50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
پولیس نے پی ٹی آئی کے گرفتا ر 3 کارکنوں کو بھی عدالت میں پیش کیا، پی ٹی آئی وکلا نے کہا عدالت ملزمان کو فوری رہا کرے، ملزمان نے کوئی جرم نہیں کیا، صرف احتجاج کا حق استعمال کیا۔
عدالت نے ملزموں کی فوری رہائی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تین کارکنوں کو جیل بھیج دیا، درخواست ضمانت پر 25 مارچ کیلئے نوٹس جاری کر دیئے، ملزمان فیاض، ناصر اور نعمان نے رمیش کمار کے گھر کے باہر احتجاج کیا تھا، یکجہتی کیلئے حلیم عادل شیخ اور دیگر بھی سٹی کورٹ پہنچے۔
اپوزیشن لیڈر سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایم پی ایز لوٹا گردی کے ملزمان ہیں، رمیش کمار عمران خان کے ٹکٹ پر کامیاب ہوا زرداری نے رمیش کمار کو خرید لیا، احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے، کارکنان کے گھر پر چھاپے مارے گئے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔