اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ نے کہا ہے کہ میرے خلاف سازش ہو رہی ہے، خدا کے لیے کردار کشی نہ کریں۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی نے نجی ٹی وی پر چلنے والے انٹرویو کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کسی وقت میں کہا تھا عمران خان کو چھوڑنا بے غیرتی ہے، ایک دن میں نے دیکھا عمران خان ن لیگ کے 7 ایم پی ایز کو شامل کررہے ہیں تو میرا خوابوں کا محل ٹوٹ گیا، نجی چینل نے آگے پیچھے سے جملے کاٹ کر بات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسی زرد صحافت نہیں ہونی چاہئے جس پر مجھے بڑا دکھا ہوا، میری باقی باتیں کاٹ کر صرف یہ لگایا گیا کہ عمران خان کو نہیں چھوڑ رہا، میں اپنی بات پر قائم ہوں، میرے وہی مطالبات ہیں، مطالبات وہی ہیں جو میں نے باقی ٹی وی چینلز پر کہے، میرے خلاف سازش ہو رہی ہے خدا کے لیے کردار کشی نہ کریں۔
دوسری طرف وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ذات کے لیے نہیں ملک کے لیے فیصلے کررہے ہیں، سابقہ حکومتوں میں پاکستان پردہشت گردی کے الزامات لگائے جاتے تھے، احمد حسین ڈیہرکی طرف سے بڑا اچھا بیان آیا ہے، مزید ارکان اسبلی بھی واپس آئیں گے، عدم اعتماد ووٹنگ والے دن عمران خان کوکامیابی حاصل ہو گی۔