راولپنڈی: (دنیا نیوز) چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا ہے کہ دنیا کو علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور سپہ سالار سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے، باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک چین تعلقات خیالات کی ہم آہنگی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہیں، دنیا کو علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔
وانگ ژی نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
انہوں نے او آئی سی کی 48 ویں وزرائے خارجہ کونسل کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔
پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سکیورٹی کو سراہتے ہوئے وانگ ژی نے کہا کہ چین جامع خوشحالی پر یقین رکھتا ہے۔
آرمی چیف نے او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس کو افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے حوالے سے تاریخی قراردیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنا بہت اہم ہے، عالمی برادری کو مشترکہ وژن اور حکمت عملی کے ذریعہ موجودہ چیلنجز کا حل تلاش کرنا ہوگا، یہ چیلنجز خطے کے امن اور استحکام کے لئے بہت اہم ہیں،
آرمی چیف نے چینی وزیر خارجہ کے دورہ اور پاکستان کے لیے چین کی حمایت جاری رکھنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔