لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ سابق وزراعظم نواز شریف کی تحریک کو کامیاب بنائیں گے، سیٹ بیلٹ باندھ لو جہاز کسی بھی وقت پرانے پاکستان میں لینڈ کرنے والا ہے۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا اقتدارعوام کی بدعاوں سے جائے گا، عمران خان کا اقتدار اپوزیشن، سیاسی جماعت یا سازش نے ختم نہیں کیا، عمران خان آج ایڑیاں رگڑ رگڑ کر این آر او مانگ رہے ہیں۔ حکومت میں رہنے کے باوجود پی ٹی آئی چیئر مین کو چھوڑ کر لوگ گئے۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک ایک دن کرکے وقت لے رہا ہے، وہ تو اب دھمکیاں دے رہے ہیں، کیا یہ پارٹی سے ممبران نکالیں گے یا لوگ اسے نکالیں گے۔ عمران خان سے تو سارے لوگ چلے گئے اور جا رہے ہیں۔ مشکل وقت میں ن لیگ سے کوئی بندہ نہیں گیا۔
مریم نواز نےکہا کہ عمران خان کو استعفیٰ نہیں اب سیدھے گھر جانا ہو گا۔ وہ روز کہتے ہیں میرے پاس سیاسی پتے ہیں۔ سیٹ بیلٹ پہنو، پاکستان کا جہاز کسی بھی وقت پرانے پاکستان میں لینڈ کرنےوالا ہے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے عدلیہ کی تحریک میں کردار ادا کیا۔ مشکل وقت میں سب نے نوازشریف کا ساتھ دیا۔ میرے والد نے بے بنیاد مقدمات کا سامنا کیا۔ حمزہ سے کہا کہ آج پورے پاکستان کو پیغام دینا ہے، مسلم لیگ ن کے شیر پورے پاکستان میں جاگ چکےہیں۔
حمزہ شہباز
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن )کی قیاد ت پر ایک پائے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی،ہم نے 4سال تک عدالتوں میں پیشیا ں بھگتیں ،بڑاشیٹ معاملے پر کاوے موسوی نے معافی مانگی،عمران خان نے اپوزیشن کے انتقام میں عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس دیا ۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان بتاو وہ 200ارب ڈالر کہاں ہیں جس کا عوام سے وعدہ کیا تھا۔پوری اپوزیشن جیلوں میں ڈال دی لیکن 200ارب ڈالر نہیں آئے۔عمران خان ریاست مدینہ کا جھوٹا داعی بنتا ہے آتے ہی غریبوں کی جھونپڑیا ں گرا دیں ،عمران خان نے 50لاکھ گھروں کا ڈونگ رچا کر غریبوں کو بے گھر کر دیا۔ عمران خان نے غریب کی عمر بھر کی کمائی کو ایک منٹ میں گرا دیا ،خودبنی گالہ کی تجاوزات ریگولائز کر الیں،سپریم کورٹ میں بنی گالا پر کیس ثابت کرتا ہے کہ یہ سب سے بڑی تجاوزات ہے ۔
انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس چیخ چیخ کر کہہ رہا ہے کہ عمران خان نے کرپشن کی ۔پشاور کی میٹرو بس 125ارب میں بنی کروڑوں کا غبن ہوا، پشاور میٹرو چلتی کم جلتی زیادہ ہے ۔شہباز شریف دور میں سرکاری ہسپتالوں میں کینسر کی دوائیاں ،ڈائیلسز مفت ہوتے تھے۔عمران خان نے نیاپاکستان تو دیا لیکن اس میں رات کو مزدور کو اجرت نہیں ملتی۔4سال عمران خان نے اپوزیشن سے بد ترین انتقام لیا۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ انتقام تو مشرف دور کی حدیں پار کر گیا ہے۔عمران خان آج ایک ہارے ہوئے شخص کی طرح گالیاں دے رہا ہے،جو کہتا تھا کہ گھبرانا نہیں آج اس کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔حمزہ شہباز نے وزیر اعظم عمران خان کو مخطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان یہ پکڑسیاسی نہیں بلکہ آپ اللہ کی پکڑ میں آ گئے ہیں ،مگر مچھ کے آنسو مت بہاو ۔