سیاسی منظر نامے پر بڑی پیشرفت، ن لیگی وفد کی چودھری برادران سے ملاقات

Published On 27 March,2022 09:34 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سیاسی منظر نامے پر بڑی پیش رفت، ن لیگی وفد کی چودھری برادران سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

ن لیگ کے وفد کی چودھری شجاعت اور چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں جماعتوں کی قیادت کے درمیان آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر مشاورت ہوئی ہے، ایک دو روز میں جو بھی فیصلہ ہوگا سامنے آجائے گا، حکومت کے ساتھ ساڑھے تین سال کا تجربہ اچھا نہیں رہا، ایم کیو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی کے اپنے مسائل ہیں۔

سابق وفاقی وزیر ریلوے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم نے بڑی تفصیل سے مشاورت کی ہے جو جاری رہے گی، ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں، ہم نے چودھری برادران سے مل کر کام کیا، ق لیگ اور ن کے درمیان سرد مہری نہیں ہے، ہمارے درمیان برف پگھل چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے بہترین کام کیا، اگر پاکستان کو مسائل سے نکالنا ہے تو اس حکومت کو گھر جانا ہوگا،عمران خان نے قوم سے جھوٹ بولا اور گالیاں دیں، وزیراعظم نے پونے چار سال میں پاکستانی معیشت کا ستیاناس کر دیا۔

 قبل ازیں مسلم لیگ ن کا مسلم لیگ ق کی قیادت سے اعلیٰ سطحی رابطہ ہوا اور ن لیگ کا اعلیٰ سطحی وفد ق لیگ کی قیادت سے ملاقات کے لئے پہنچا۔

ن لیگی 7 رکنی وفد کی ق لیگی قیادت سے ملاقات اسلام اباد میں چودھری برادران کی رہائش گاہ پر ہوئی، ملاقات میں باہمی سیاسی تعاون اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔

Advertisement