اپوزیشن کا مہنگائی مارچ بھی بے سود، بجلی 4 روپے 68 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی

Published On 31 March,2022 03:11 pm

کراچی: (علیم ملک سے ) فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 68 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کر دی گئی جبکہ بجلی کا شارٹ فال بھی 5 ہزار 372 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بھی غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

نیپرا نے ملک بھر کے صارفین کے لیے فروری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 68 پیسے جبکہ کے الیکڑک صارفین کے لیے جنوری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 27 پیسے فی یونٹ مہنگی کی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق اپریل کے بلوں میں ہوگا۔

سماعت کے موقع پر چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ ایندھن کی قلت سے 2 ہزار 139 میگاواٹ بجلی کم پیدا ہو رہی ہے، کے ٹو نیو کلئیر پاور پلانٹ ٹرپ ہوا جبکہ کے تھری ابھی مکمل آپریشنل نہیں ہوا، گزشتہ روز چشمہ میں سی ون پاور پلانٹ بھی کوئی فالٹ آیا ہے۔

چئیرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ حکومت 40 ہزار میگاواٹ کی صلا حیت کا دعوی کرتی ہے، اگر پانچ، سات ہزار میگاواٹ کم ہو بھی گئی تو فرق نہیں پڑنا چاہیے تھا۔ دوسری جانب پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بھی غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
 

Advertisement