اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے قوم میں مایوسی کی لہر پھیلی، بڑی طاقتیں اسی طرح عدم اعتماد کرتی اور بندے خریدتی ہیں، 3 ماہ پہلے ہی کہا تھا استعفے دو یا اسمبلی توڑ دو۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جب میں کہتا تھا اسمبلی توڑدو، گورنر راج لگا دو میں اس وقت بھی ٹھیک تھا،3 ماہ پہلے کہتا تھا استعفے دے دو یا اسمبلی توڑ دو، اس کیس میں تمام طاقتیں ایکسپوز ہوچکی، عمران خان کو کہہ چکا کہ استعفے دے دیں، زندہ قوم محسوس کر رہی ہے کہ گندی نالی کی اینٹوں کو اقتدار کے محل میں لگایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی سمجھ رہا ہے قوم کو سمجھ نہیں تو یہ غلط ہے، قوم کو سب سمجھ آگیا، میں نے عمران خان کو جو مشورے دیے آج سچ ثابت ہو رہے ہیں، بیرونی قوتیں ہماری خودداری پر مسلط ہونا چاہتی ہیں۔