محسن بیگ کیخلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ، سندھ ہائیکورٹ کا اظہار برہمی

Published On 08 April,2022 07:16 pm

کراچی :(لیاقت علی رانا سے) صحافی محسن بیگ کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کے اندراج پر ایف اے کا تفتیشی افسرعدالتی سوالات کا جواب نہ دے سکا جس پر سندھ ہائی کورٹ نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق منی لانڈنگ کے الزامات اور بینک اکاٶنٹس منجمد کرنے کے خلاف صحافی محسن بیگ کی درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں قاٸم بینچ میں شروع ہوٸی تومحسن بیگ اپنے وکیل بیرسٹر لطیف کھوسہ کے ہمراہ عدالت میں موجود تھے۔

ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ہم 2021 سے محسن بیگ کو نوٹس بھیج رہے ہیں لیکن یہ آج تک کہیں پیش نہیں ہوئے، ہم نے انکوائری بند نہیں کی۔ جسٹس اقبال کلہوڑو نے ایف آٸی افسر کی سرزنش کرتے ہوٸے کہا کہ آپ زیادہ اسمارٹ بننے کی کوشش نہ کریں، جب آپ سے پوچھا جائے تب بولیں،عدالت نے سوال کیا کہ جب محسن بیگ اس ایف آئی آر میں گرفتار نہیں ہوئے تو اس بات کو مانیں، یہ کسی اور ایف آئی آر میں گرفتار ہوئے، عدالت نے تفتیشی افسر سے پوچھا کہ کیا آپ نے دستاویزات دیکھی ہیں۔

ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ جی ہم نےابھی دستاویزات دیکھنی ہیں، ہمیں اس کیلٸے وقت دے دیا جاۓ، جس پر وکیل صفاٸی لطیف کھوسہ بولے کہ ہمیں تو دستاویزات ہی ایف آئی اے نے دی ہیں تو یہ کونسی دستاویزات دیکھنے کی مہلت مانگ رہے ہیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے کہا کہ آپ کے پاس منی لانڈرنگ کے کیا ثبوت ہیں؟ عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کریں، آپ اس چیز کو سمجھائیں کہ یہ سب ہوا کیسے ورنہ آپ کے خلاف کارروائی ہوگی، ایف آئی اے کے وکیل نےایک ہفتے کی مہلت مانگی جس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ اگلی تاریخ تک تو حکومت بھی تبدیل ہو جائے گی اور یہ خود بھی بدل جائیں گے، تاہم عدالت نے سماعت 22 اپریل تک ملتوی کرتے ہوٸے ایف آئی اے کو دستاویزات کے ہمراہ پیش ہونے کا حکم جاری کیا۔

عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ محسن بیگ اور انکے ادارے کے اکاؤنٹس کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کیاجائے۔

مقدمے کی سماعت کے بعد محسن بیگ نے گفتگو کرتے ہوٸے کہا کہ عمران خان نے نہ اپنی عزت کا خیال کیا نہ آٸین کا اور نہ پاکستان کی عزت کا خیال کیا، عمران خان نےغیرآٸینی اقدامات کے ذریعے پاکستان کو دنیا بھر میں مذاق بنا دیا ہے، عمران خان سیاست کیلٸے فٹ نہیں ہیں، انھیں اگر 10 بار بھی وزیراعظم ہاٶس سے نکالا جاۓ تو ان پر کوٸی اثر نہیں ہوگا، انھیں گریس کے ساتھ جمہوری انداز میں حالات کا مقابلہ کرنا چاہیٸے تھا۔

محسن بیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی اننگز مکمل کر چکے ہیں، ان کا پاکستانی سیاست سے کردار ہمیشہ کیلٸےختم ہوگیا ہے، اب وہ کچھ بھی کرلیں اب انھیں وہ عزت اور شہرت دوبارہ نہیں مل سکتی۔
 

Advertisement